آندھرا پردیش میں سہل تجارت کیلئے مساعی

ریاستی حکومت ، سنگاپور نیشنل یونیورسٹی ، سی آئی آئی معاہدہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مارچ : ( پی ٹی آئی ) : حکومت آندھرا پردیش ، نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور اور کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری نے سنگاپور میں ایک یادادشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ جو ریاست آندھراپردیش میں بزنس کو آسان بنانے سے متعلق ہے ۔ یکم اپریل 2015 تا 31 مارچ 2018 کے لیے اس یادداشت مفاہمت پر ریاستی حکومت ، نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور اور سی آئی آئی کے درمیان دستخط ہوئے ۔ یہ معاہدہ ریاست آندھرا پردیش میں بزنس کو آسان بنانے کے سلسلہ میں ماسٹر پلان میں تعاون کے لیے کیا گیا ہے ۔ اس سہ رخی یادداشت مفاہمت کے سلسلہ میں پارٹیز ریاست میں بزنس کو آسان بنانے اور معاشی مسابقت میں اضافہ کے لیے جوائنٹ ریسرچ پروگرامس جیسے حکمت عملی اور اسیسمنٹ میں تعاون و اشتراک کریں گے ۔ حکومت کی جانب سے آج یہاں جاری ایک بیان میں یہ کہا گیا ہے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ’’ ہم سنگاپور کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مستحکم کریں گے اور کئی اختراعی نظریات کو فروغ دیں گے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تہذیبی تبادلہ کی راہ ہموار ہوگی ۔ آئیے ہم ترقی میں شراکت دار بنیں اور ساتھ ساتھ کام کریں ‘‘ ۔ بزنس شروع کرنے کے لیے بزنس فرنیڈ لائسنس کا جائزہ لینے کے لیے جن امور پر غور کیا جائے گا وہ ہیں تعمیراتی پرمٹس ، برقی کا حصول ، حصول اراضی ، جائیداد کا رجسٹریشن ، ٹیکس کی ادائیگی وغیرہ ۔