آندھرا پردیش میں آر ٹی سی کی ہڑتال کا آج آغاز

ملازمین کے دیرینہ مسائل کو فوری حل کرنے کا مطالبہ ، آر ٹی سی مزدور یونین کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین اپنی غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کے لیے تیاریاں شروع کرچکے ہیں ۔ اس طرح حکومت اور آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی نہ کرنے کی صورت میں ریاست میں اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال یقینی دکھائی دے رہی ہے کیوں کہ گذشتہ دو دن قبل ہی مزدور یونین ( ین ایم یو ) کی جانب سے آر ٹی سی انتظامیہ کو ہڑتال کی اطلاع دینے کے فوری بعد ( یعنی 24 گھنٹوں میں ) اے پی ایس آر ٹی سی کی مسلمہ اے پی ایس آر ٹی سی ایمپلائز یونین اور اس کی حلیف مزید دس یونینوں کی جانب سے آر ٹی سی انتظامیہ کو ہڑتال کی نوٹس حوالہ کی گئی ۔ آر ٹی سی ذرائع کے مطابق آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی بلوں کے مطابق ادائیگی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ دیگر 27 اہم ترین مطالبات پر مشتمل نوٹس حوالہ کر کے ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے آر ٹی سی کی مختلف یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے آج اے پی ایس آر ٹی سی منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر سریندر بابو سے ملاقات کر کے باقاعدہ طور پر یادداشت پیش کی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمیٹی قائدین نے کہا کہ 22 مئی تک آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی نہ کرنے کی صورت میں ریاست گیر سطح پر آر ٹی سی بس سرویسیس روک دی جائیں گی ۔ ان قائدین نے بتایا کہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں 40 فیصد تک نظر ثانی کرنے اور بقایہ جات کی فی الفور ادائیگی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں آر ٹی سی میں اسٹاف کی تعداد کو کم کرنے کی کوششوں سے دستبرداری اختیار کرنے کرایہ پر حاصل کی جانے والی بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کی تجویز سے دستبرداری اختیار کرلینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ان قائدین نے اے پی ایس آر ٹی سی کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی کو واجب الادا 285 کروڑ روپئے فی الفور ادا کرنے کا کمیٹی قائد مسٹر دامودر راؤ نے اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیا اور آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی پر ہمدردانہ غور کر کے فوری اقدامات نہ کرنے کی صورت میں کسی بھی صورت میں ہڑتال شروع کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔ ان قائدین نے مزید بتایا کہ 10 مئی بروز جمعہ ریاست بھر میں تمام بس ڈپوز میں مجوزہ غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کے سلسلہ میں مشاورت کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنے منظم کیے جائیں گے ۔۔