آندھرا میں گرمی سے اموات 1,677 ہوگئیں

تلنگانہ میں آج بھی شدت برقرار رہنے کا انتباہ
حیدرآباد 31 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں جاری شدت کی گرمی کی لہر کے نتیجہ میں اموات کی تعداد 1,677 ہوگئی ہے جبکہ مزید 41 افراد آج گرمی کی وجہ سے فوت ہوگئے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آج شام سات بجے تک ملنے والی اطلاعات کے بموجب اموات کی تعداد 1,677 ہوگئی ہے ۔ کل ان اموات کی تعداد 1,636 بتائی گئی تھی ۔ پرکاشم ضلع میں سب سے زیادہ 333 اموات ہوئی ہیں جبکہ گنٹور ضلع میں اموات کی تعداد 235 رہی ہے ۔ مشرقی گوداوری میں 196 اور وشاکھاپٹنم اور وجیانگرم میں فی کس 188 اموات کی اطلاع ہے ۔ نیلور میں 165 اور کرشنا میں 79 افراد گرمی کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں۔ یہ اطلاعات 18 مئی سے آج شام سات بجے تک کی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آج کرشنا ‘ گنٹور اور پرکاشم میں گرمی کی لہر برقرار رہی ہے ۔ ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں کچھ مقامات پر بارش ہوئی ۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سلسئیس جنگامہیشوراپورم میں درج کیا گیا ۔ تلنگانہ میں کریمنگر ‘ ورنگل ‘ محبوب نگر ‘ کھمم اور نلگنڈہ اضلاع میںکچھ مقامات پر گرمی کی لہر برقرار رہی ہفتے کو سب سے زیادہ 47 ڈگری سلسئیس درجہ حرارت ہنمکنڈہ میں درج کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کل بھی اضلاع عادل آباد ‘ رنگا ریڈی ‘ ورنگل ‘ کھمم ‘ محبوب نگر ‘ میدک ‘ نلگنڈہ ‘ نظام آباد اور کریمنگر میں گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے ۔