آندھراپردیش کی دونوں ریاستوں کیلئے چھ نکاتی پیاکیج

نئی دہلی 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج آندھرا پردیش سے بننے والی ریاستوں کیلئے چھ نکاتی ترقیاتی پیاکیج کا اعلان کیا جس میں سیماآندھرا کو ٹیکس ترغیبات کے بشمول خصوصی زمرے کا موقف عطا کرنا شامل ہیں۔ دونوں ریاستوں کیلئے کئی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے راجیہ سبھا میں غیر معمولی شور وغل کے درمیان کہا کہ ٹیکس ترغیبات کی پیشکش دونوں ریاستوں میں صنعتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کے فروغ کیلئے ہوگی، جیسا کہ بعض دیگر ریاستوں کو ان ہی خطوط پر ترغیبات دی گئی ہیں۔ کلیدی تلنگانہ بل پر مباحث کے درمیان حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے ارکان کو یقین دلایا کہ مرکز پولاورم آبپاشی پراجکٹ جلد از جلد عمل میں لائے گا۔ ’’ہماری حکومت پولاورم پراجکٹ کو انجام دے گی … اس تعلق سے کوئی شبہ نہ ہو‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اعانت،

خصوصی زمرے کا درجہ جیسی پیشکش 13 اضلاع پر مشتمل بقیہ ریاست آندھراپردیش کیلئے پانچ سالہ مدت تک رہے گی۔ ان میں رائلسیما کے چار اضلاع اور شمالی ساحلی آندھرا کے تین اضلاع شامل ہوں گے تا کہ اس ریاست کی اقتصادی حالت ٹھوس تر ہوجائے۔ ڈاکٹر سنگھ نے نشاندہی کی کہ یہ بل پہلے ہی باقی ماندہ ریاست آندھرا پردیش کیلئے خصوصی ترقیاتی پیاکیج فراہم کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی پیاکیج اڈیشہ میں کے بی کے (کوراپُٹ ۔ بلانگیر۔ کالا ہانڈی) اسپیشل پلان اور مدھیہ پردیش اور اُتر پردیش میں بندیل کھنڈ اسپیشل پیاکیج کے خطوط پر رہے گا۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر اور تمام دیگر ارکان بالخصوص آندھرا پردیش والوں کے ظاہر کردہ خیالات کو توجہ سے سُن چکے ہیں اور وزیر داخلہ نے پہلے ہی مخصوص اقدامات کا ذکر کردیا جو حکومت اس ریاست بالخصوص سیما آندھرا کے تمام علاقوں کی فکر مندی کو دور کرنے کیلئے کرے گی۔