آندھراپردیش میں نشہ بندی پر عمل آوری کیلئے رہنمایانہ ہدایت

چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کا محکمہ جات فینانس اور ریونیو کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد یکم / جون ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاستی نظم و نسق پر اپنی گرفت حاصل کرنے کیلئے سب سے پہلے محکمہ جات فینانس ، ریونیو کے اعلی عہدیادروں کے ساتھ آج ایک اجلاس طلب کرکے جائزہ لیا ۔ یہ اجلاس زائد از دو گھنٹوں تک جاری رہا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس اجلاس میں چیف منسٹر نے بعض اہم فیصلے کئے اور ریاست میں نشہ بندی پر مرحلہ وار اساس کی بنیاد پر عمل آوری کیلئے رہنمایانہ خطوط مرتب کرنے کی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ اور کہا کہ شراب نوشی کے نام سے ہی نفرت کرنے اور شراب نوشی سے اپنی دلچسپی کا اظہار نہ کرنے کیلئے ایکشن پلان مرتب کرنے کی بھی عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں ۔ جگن موہن ریڈی نے ریاست کے مالیہ کو مستحکم بنانے اور مالیہ میں اضافہ کرنے کے متبادل رہنمایانہ خطوط مرتب کرنے کا اعلی عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ اور کہا کہ فی الوقت وہ ابتدائی نوعیت کی تفصیلات حاصل کرکے جائزہ لیا گیا اور آئندہ چند دنوں میں مکمل و تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کرنے کیلئے عہدیداروں کو تیار رہنے کی ہدایات دیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ آج کے جائزہ اجلاس میں ریاست کے مالی موقف اور مالی صورتحال سے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو واقف کروایا ۔ بالخصوص محکمہ جات کمرشیل ٹیکس ، اکسائز سے حاصل ہونے والی آمدنی کے تعلق سے چیف منسٹر نے عہدیداروں کو تفصیلات سے واقف کروایا اور کسی بھی موقع پر رقومات کی کمی نہ رہنے جیسے اقدامات کرنے کی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایات دیں ۔ اس اجلاس میں ریاستی چیف سکریٹری آندھراپردیش مسٹر ایل وی سبرامنیم کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے پرنسپال سکریٹری و اسپیشل چیف سکریٹریز کے علاوہ صدور محکمہ جات بھی شریک تھے ۔