آندھرائی قائدین کے مجسموں پر کے سی آر کے ریمارکس کی مذمت

چیف منسٹر تلنگانہ کو شرانگیز بیانات سے گریز کا مشورہ ، جی کشن ریڈی اور ڈاکٹر شنکر راؤ کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ٹینک بنڈ پر موجود آندھرائی قائدین کے مجسموں کو ہٹا دینے کا ریمارک پھر ایکبار متنازعہ بن گیا ہے ۔ بی جے پی تلنگانہ کے صدر مسٹر جی کشن ریڈی اور کانگریس کے سینئیر قائد ڈاکٹر شنکر راؤ نے اس کی سخت مذمت کی ہے ۔ دو دن قبل شہر میں منعقدہ کونڈا لکشمن باپوجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ٹینک بنڈ پر موجود آندھرائی قائدین کے مجسموں کی ہمیں ضرورت نہیں ہے ۔ آندھرائی قائدین ان مجسموں کو منتقل کرلیں ، ورنہ انہیں نکال کر ان کی جگہ ہم تلنگانہ قائدین کے مجسمہ لگالیں گے ۔ ہم ہمارے قائدین کا احترام کرتے ہیں ان کی قربانیاں ہمارے لیے ناقابل فراموش ہیں ۔ ان ریمارکس کی صدر تلنگانہ بی جے پی مسٹر جی کشن ریڈی نے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ گھمنڈ و تکبر کا شکار ہوگئے ہیں ۔ سیاسی مفادات کے لیے شر انگیزی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور جذباتی طور پر تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ کے سی آر ابھی یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ تلنگانہ کی تحریک چلا رہے ہیں ۔ انہیں نیند سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پا کر 4 ماہ ہوگئے ہیں تلنگانہ کی ترقی پر توجہ دیں اپنی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے جذباتی نعروں سے گریز کریں ۔ تلنگانہ کانگریس کے سینئیر قائد سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر شنکر راؤ نے چیف منسٹر تلنگانہ کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹینک بنڈ پر موجود آندھرائی قائدین کے مجسموں کو ہاتھ لگانے کی کوشش نہ کریں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ آندھرائی قائدین کے مجسموں کو ہٹائے بغیر تلنگانہ قائدین کے مجسمے نصب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست صرف سرحدوں تک تقسیم ہوئی ہے جب کہ تلگو عوام ایک ہیں اگر اس طرح سے تنازعات پیدا کئے گئے تو ترقی میں رکاوٹیں پیدا ہوسکتی ہیں ۔۔