آنجہانی راجیو گاندھی کی آج 28 ویں برسی تقاریب

پنجہ گٹہ اور گاندھی بھون میں انعقاد، ہر ضلع میں تقاریب کیلئے اتم کمار ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 20۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کل 21 مئی کو سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 28 ویں برسی بڑے پیمانہ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تمام ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی ہے کہ راجیو گاندھی کی برسی تقاریب بڑے پیمانہ پر منعقد کریں۔ حیدرآباد میں پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے سوماجی گوڑہ میں واقع راجیو گاندھی کے مجسمہ پر صبح 9.30 بجے پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین موجود رہیں گے۔ صبح 10.30 بجے پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب منعقد کی جائے گی ۔ پارٹی کی مختلف ذیلی تنظیموں کی جانب سے علحدہ پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ اسی دوران تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ ریاست کے ہر دیہات میں راجیو گاندھی کی برسی تقاریب منعقد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کی ترقی کے لئے جو قدم اٹھائے ، ان سے عوام کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 40 سال کی عمر میں ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہوتے ہوئے راجیو گاندھی نے دنیا بھر میں ہندوستان کی اپنی شناخت بنائی ۔ عالمی امن کیلئے ان کی کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ کسم کمار نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کی نہ صرف خدمت کی بلکہ اس کیلئے اپنی جان قربان کردی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ برسی کے موقع پر مختلف پروگراموں کا اہتمام کریں۔