آنجہانی راجکپور کی بیوہ کرشنا راجکپور کا انتقال

ممبئی ۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) افسانوی فلمساز و ہدایت کار اور اداکار آنجہانی راجکپور کی بیوہ کرشنا راج کپور قلب پر حملہ کی وجہ سے فوت ہوگئیں۔ ان کی عمر 87 سال تھی ۔ دریں اثناء بڑے بیٹے رندھیر کپور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ صبح 5 بجے قلب پر حملہ کی وجہ سے فوت ہوگئیں۔ ضعیف العمری بھی موت کی ایک وجہ رہی ۔ یاد رہے کہ 1946 ء میں راج کپور نے کرشنا ملہوترہ سے شادی کی تھی جن کے پانچ بچے ہوئے ۔ رندھیر ، رشی ، راجیو (بیٹے) ریتو اور ریما (بیٹیاں) ۔ کرشنا راجکپور ماضی کے عظیم اداکاروں پریمناتھ اور راجندر ناتھ کی بہن تھیں جو خود بھی اب اس دنیا میں نہیں جبکہ کر شنا کی بہن اوما نے اپنے وقت کے مشہور ویلن پریم چوپڑہ سے شادی کی ۔ اس موقع پر بالی ووڈ کے اداکار انوپم کھیر ، روینہ ٹنڈن اور سوہا علی خان نے بھی سوشیل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ۔ آنجہانی کے منجھلے بیٹے رشی کپور اس وقت امریکہ میں زیر علاج ہیں جبکہ ان کی بیٹی ردھیما کپور نے بھی اپنی دادی کے انتقال پر انسٹاگرام کے ذریعہ تعزیتی پیغام دیا ہے ۔ کرشنا راج کپور کی آخری رسومات چمبور کے شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی ۔