آلیر انکاؤنٹر کے خلاف ڈی جے ایس ریالی کو پولیس نے ناکام بنادیا

حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) آلیر فرضی انکاؤنٹر کے خلاف منعقدہ درسگاہ جہاد و شہادت کی ریالی کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے 13 کارکنوں بشمول مولانا نصیر الدین کو گرفتار کرلیا۔ ضلع نلگنڈہ کے علاقہ آلیر میں 7اپریل کو وقار احمد اور اس کے چار ساتھی سید امجد علی، ڈاکٹر حنیف، محمد ذاکر اور اظہار خان کو ورنگل سنٹرل جیل سے حیدرآباد نامپلی کریمنل کورٹ کو منتقلی کے دوران انہیں فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ اس کے خلاف درسگاہ جہاد و شہادت ( ڈی جے ایس ) نے مسجد حاجی کمال دارالشفاء سے ایک ریالی منعقد کی تھی جو ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کی رہائش گاہ واقع اعظم پورہ تک نکالی جارہی تھی تاہم پولیس نے اس موقع پر بھاری فورس متعین کی تھی۔ انسپکٹر میر چوک پولیس اسٹیشن مسٹر وی یادگیری ریڈی نے بتایا کہ اس ریالی کو نکالنے کیلئے اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی اور پولیس نے اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 13کارکنوں بشمول صدر وحدت اسلامی مولانا محمد نصیر الدین کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں دبیر پورہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور بعد ازاں شخصی مچلکہ پر انہیں رہا کردیا گیا۔