آفریقی خاتون کوکین فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار

حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) محکمہ آبکاری کے اکسائز انفورسمنٹ عملہ نے آفریقی ملک گھانا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو کوکین فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب 33 سالہ جنیوی ایلڈو جو گھانا کی شہری ہے اور وہ شہر میں مقیم تھی۔ ایلڈو نے خواہش مند گاہکوں کو کوکین فروخت کرنے کیلئے گوا جاکر وہاں کے ایک مقامی شخص سے کوکین خریدا اور اسے شہر منتقل کرتے ہوئے یہاں فروخت کرنے کی کوشش کی۔ اکسائز انفورسمنٹ کے عہدیداروں نے کہا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر شہر کی ایک ہوٹل پر دھاوا کیا گیا اور وہاں پر جنیوی ایلڈو کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 50 گرام کوکین برآمد کرلیا۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرگس اسمگلر نے بھی اس خاتون کو ڈرگس فروخت کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ گرفتار آفریقی خاتون کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔