آفریدی طویل عرصہ بعد پاکستانی ٹیم کا حصہ نہیں

کراچی۔2 سپٹمبر(سیاست ڈاٹ کام )سرفرازاحمد کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی 13 رکنی  ٹوئنٹی20  ٹیم کا اعلان کیا گیا اور شاہد آفریدی کو طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔پاکستان ٹیم ونڈے سیریز کے اختتام پر انگلینڈ کے خلاف ایک  ٹوئنٹی20 میچ کھیلے گی جو سرفراز احمد کا بطور کپتان پہلا میچ ہوگا۔سابق کپتان شاہد آفریدی کو رواں سال ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کپتانی سے ہٹا کر سرفراز کو نیا کپتان بنایا گیاتھا ۔شاہد آفریدی انگلینڈ میں ہمپشائر کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں جہاں وہ قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹیم میں سہیل تنویر کو شامل کیا گیا جبکہ ونڈے سیریز میں ناقص بولنگ کرنے والے وہاب ریاض اور شعیب ملک کو بھی مختصر طرز کرکٹ میچ کے لئے منتخب کیا گیاہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ آفریدی کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر مستقبل میں ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ میں نے پہلے کہا ہیکہ یہ ایک میچ ہے جس کے لئے آفریدی کو مدنظرنہیں رکھا جائے گا لیکن اگر وہ ڈومیسٹک سطح پر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے تو انھیں موقع دیا جائے گا۔انگلینڈ کے خلاف ٹوئنٹی20 کے لئے اوپنر احمد شہزاد اور عمراکمل کو بھی شامل نہیں کیا گیا ہے دونوں کھلاڑیوں کو ناقص کارکردگی پر انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ اور ونڈے سیریز کے لئے بھی منتخب نہیں کیا گیا تھا۔21 سالہ آل راؤنڈر عماد بٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے نئے کھلاڑی ہیں۔پاکستان کی 13 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفرازاحمد (کپتان)، خالد لطیف، شرجیل خان، شعیب ملک، محمد رضوان، بابراعظم، محمد نواز، عمادوسیم، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد عرفان، سہیل تنویر، عماد بٹ۔