آسیہ بی بی کے ملک چھوڑ جانے کی خبر

انتہائی غیر ذمہ دارانہ : پاکستانی وزیر اطلاعات
اسلام آباد،8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے توہین اسلام کے الزام سے بری مسیحی خاتون آسیہ بی بی کے ملک سے باہر جانے کی خبروں کی تردید کر دی۔ڈان نیوز کے مطابق مسٹر چودھری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ آسیہ بی بی کا کیس بہت حساس معاملہ ہے ۔ آسیہ بی بی کے ملک چھوڑ جانے کی خبر انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ، میڈیا کے ایک حصے سے کہتا ہوں کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ۔ سرخیاں بنانے کے لیے جعلی خبروں کی اشاعت وطیرہ بن گیا ہے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی آسیہ بی بی کی رہائی کے بعد بیرونِ ملک روانگی کی خبروں کی تردید کی تھی۔اس سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی پاکستان میں ہی موجود ہیں۔خیال رہے گزشتہ شب توہینِ مذہب کے الزام میں سپریم کورٹ سے رہائی پانے والی آسیہ بی بی کو خواتین کی ملتان جیل سے رہا کیا گیا تھا۔رہائی کے بعد انہیں خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچایا گیا اور بعداازاں سخت سیکیورٹی میں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔آسیہ بی بی کی رہائی کی خبریں آنے کے بعد بہت سے ذرائع نے دعویٰ کیا تھا انہیں بیرونِ ملک روانہ کردیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ 31 اکتوبر کوسپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین مذہب کیس میں آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اگر آسیہ بی بی کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے ۔