آسٹریلیا کے تمام ایرپورٹس پر سازوسامان کی اسکریننگ میں سختی

کینبرا ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے تمام ایرپورٹس پر مسافروں کے سازوسامان کی جانچ پڑتال میں مزید سختی برتی جارہی ہے کیونکہ پولیس کے ایک بیان کے مطابق ایک طیارہ کو حملہ کا نشانہ بنانے کی کوشش کو ناکارہ کئے جانے کے بعد مسافروں کے سازوسامان کی اسکریننگ کے عمل میں سختی برتی جارہی ہے۔ وزیراعظم آسٹریلیا مالکم ٹرنبل اور بارڈر پروٹکشن منسٹر پیئرڈٹن نے دریں اثناء ان رپورٹس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا جس کے مطابق اخبارات نے یہ رپورٹس شائع کی تھی کہ اسلامی انتہاء پسندوں نے زہریلی گیس کے ذریعہ ایک طیارہ میں موجود افراد کو ہلاک کرنے کی کوشش کی تھی اور ایک دیسی ساختہ بم کو کچن میں قیمہ بنانے والی چھوٹی مشین کی شکل میں لایا گیا تھا۔ ٹرنبل نے کل اعلان کیا تھا کہ ایک طیارہ کو مار گرانے کی کوشش کو ناکام کردیا گیا ہے تاہم انہوں نے اس تعلق سے مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔ اسی سلسلہ میں ہفتہ کو سڈنی میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جو لبنانی نژاد آسٹریلیائی شہری تھے۔