آسٹریلیا کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے:چیپل

سڈنی ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی سابق کپتان ایان چیپل نے دنیائے کرکٹ کے تمام ممالک سے پاکستان کا دورہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات اب یکسر تبدیل ہو چکے ہیں ورنہ کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ مغربی دنیا کے محفوظ ترین ملک نیوزی لینڈ میں بھی دہشت گردی کا کوئی واقعہ رونما ہو سکتا ہے جہاں بنگلہ دیشی ٹیم بھی قریب ہی موجود تھی لہٰذا وقت آچکا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں اب پاکستان واپسی کے بارے میں سوچنا شروع کردیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ دنیا کا اس وقت جو حال ہے اس کے تحت توممکن ہے کہ کوئی ٹیم کہیں بھی جانا چھوڑ دے۔ پاکستان کھیل کی اسی انداز سے بحالی کیلئے بے چین ہے جیسے کہ ماضی میں وہاں کرکٹ کھیلی جاتی تھی اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر بچے اور نوجوان اپنے ہیروزکو میدان میں کھیلتے ہوئے دیکھ ہی نہیں سکیں گے تو اس سے پاکستان میں کھیل کی کوئی مدد نہیں ہو سکے گی۔ اس بات کا احساس ان پاکستانیوں کو دیکھ کر ہوا ہے جو اپنا کام بلاخوف اور معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں اور اب پاکستان جانے یا نہ جانے کی بحث ختم کر کے آسٹریلیائی ٹیم کو عملی قدم اٹھانا ہوگا جسے 20 سالہ بائیکاٹ ختم کر کے پاکستان جانا چاہئے۔