آسٹریلیا میں ہندوستان کی کامیابی کے امکانات روشن:تھامسن

سڈنی۔3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ٹیم اب رواں ماہ ہی آسٹریلیا کے دورے پر جانے والی ہے، وہاں کے اچھال لیتی وکٹس پر فاسٹ بولروں کو جھیلنا بیحد مشکل ہوتا ہے۔ ایک وقت تھا جب آسٹریلیا کے ایک فاسٹ بولر جیف تھامسن ان وکٹس پر بیحد خطرناک ہو جاتے تھے لیکن اب انہیں تھامسن کا ماننا ہے کہ اس مرتبہ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا میں سیریز جیت سکتی ہے۔ ٹسٹ کرکٹ تاریخ میں سب سے فاسٹ بولر مانے جانے والے آسٹریلیا کے اس سابق کھلاڑی نے کہا کہ اسمتھ اور وارنر کی غیر موجودگی میں میزبان ٹیم کی بیٹنگکمزور نظر آ رہی ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو کیپ ٹاؤن میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں 12 مہینے معطلی کی سزا دی گئی ہے۔ تھامسن نے میڈیا سے کہا ہے ہندوستانی ٹیم کافی مضبوط ہے ، ان کا فاسٹ بولنگ شعبہ اچھا ہے اور آئندہ دورے پر اگر وہ اچھا کھیلیں گے تو جیت درج کریں گے۔ اس کی وجہ کوئی نہیں کہ ہندوستانی ٹیم اسمتھ اور وارنر کے بغیر کھیلنے والی آسٹریلیا کو نہیں ہرا پائے۔ آسٹریلیا کے 68 سالہ سابق فاسٹ بولر نے کہا ، پاکستان کے خلاف یو اے ای میں آپ نے آسٹریلیا کے بیٹسمینوں کا فٹ ورک دیکھا ہوگا، ان میں تکنیک کی کمی نظر آئی اور وہ گیند باونڈری لائن کے پار بھیجنے کی کوشش میں رہتے تھے۔ ایسا اس لئے ہورہا ہے کہ وہ بہت زیادہ ٹی 20 اور ونڈے میچ کھیل رہے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا دورے پر چار ٹسٹ میچ کھیلے گی جس میں پہلا ٹسٹ 6 دسمبر کو اڈیلیڈ میں کھیلاجائے گا۔