آسٹریلیا میں ہندوستانی طالبعلم حملہ میں شدید زخمی

ملبورن ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں ایک 20 سالہ ہندوستانی طالبعلم آج اس وقت شدید زخمی ہوگیا جب سارقین کی ایک ٹولی نے اس کے سر پر لاٹھیوں سے حملہ کردیا اور اس کے قبضہ سے موبائیل فون وغیرہ کا سرقہ کرلیا۔ ریزر وائیر کے علاقہ سے تعلق رکھنے والا من راجویندر سنگھ کو سر پر گہرے زخموں کے علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے۔

پولیس کی طرف سے آج جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وہ مشرقی پرنسس برج پر اپنے دو دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا کہ 8 افراد نے جو بظاہر افریقی معلوم ہورہے تھے کہ ان پر حملہ کردیا ۔ حملہ آوروں نے من راجویندر سنگھ کے سر پر لاٹھیوں سے حملہ کرنے کے علاوہ اس کی بری طرح پٹائی بھی کی اور اس ٹولی نے زخمی کے دوست کے چہرے پر زوردار گھونسے رسید کردیا اور بعد ازاں موبائیل فون وغیرہ لیکر فرار ہوگئے ۔ 20 سالہ تیسرا دوست اس کا تعلق نوبل پارک سے ہے،

حملہ آوروں سے بچ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ سنگھ کو الفرڈ ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے جہاں وہ کوما میں ہے۔ اس کے دوست کا چہرہ سوجھ گیا ہے۔ ملبورن کے سراغ رسانوں نے اس واقعہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کئے ہیں جس میں آٹھ افراد اور ایک لڑکی کی تصویر دیکھی گئی ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ لڑکی تحقیقات میں سراغ رسانوں کی مدد کرے گی۔