آسٹریلیا میں بین الاقوامی کانفرنس

29 اور 30 اگست کو مقرر ، کے ٹی آر مدعو
حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو کو آسٹریلیا میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ 29 اور 30 اگست کو آسٹریلیا کے ملبورن میں گلوبل لیڈرس سمٹ میں شرکت کے لیے منتظمین نے کے ٹی راما رائو کو دعوت نامہ روانہ کیا ہے۔ آسٹریلین انفارمیشن انڈسٹری اسوسی ایشن کے زیر اہتمام اس سمٹ میں ٹکنالوجی کے شعبہ سے مربوط دنیا بھر کے ماہرین کو مدعو کیا جارہا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی اور اس سلسلہ میں کے ٹی راما رائو کی خصوصی مساعی کے پیش نظر انہیں یہ دعوت نامہ روانہ کیا گیا۔ منتظمین کی جانب سے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی اور مختلف عوامی خدمات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی ستائش کی گئی ہے۔ کے ٹی راما رائو نے کہا کہ بین الاقوامی سمٹ میں شرکت کی یہ دعوت حکومت کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے اقدامات کو عالمی سطح پر توثیق کے مترادف ہے۔ انہوں نے منتظمین سے اظہار تشکر کیا۔ توقع ہے کہ کے ٹی راما رائو جو امریکہ کے دورے سے واپس ہوئے ہیں، اگست میں آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔