آسٹریلیا۔پاک ونڈے سیریز کا آج آغاز،دلچسپ مقابلہ متوقع

شارجہ ۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 مقابلوں پر مشتمل ونڈے سیریز کل شروع ہوگی۔ ونڈے سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں دونوں ٹیموں کے کپتان اورعہدیدار موجود تھے۔ پاکستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان ارون فنچ ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ، ہینڈسکومب، شان مارش، مارکس اسٹونس،ایشٹن ٹرنر،گلین میکسویل، پیٹ کمنس، جیسن بینڈروف، جے رچرڈسن، نیتھن لیون، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل پر مشتمل ہے۔ دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے جب کہ 16 رکنی اسکواڈ میں امام الحق، عابد علی، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو ہندوستان میں کامیابی کے بعد یہاں پہنچی ہے ۔ہندوستان میں کامیابی سے مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے باوجود پاکستان معیاری ٹیم ہے، ہمیں گیم پلان کے مطابق کھیلنا ہوگا۔ پاکستان کے خلاف ونڈے سیریز سے قبل مہمان آسٹریلیائی ٹیم فٹنس مسائل کا شکار ہوگئی ہے۔ آف اسپنر ناتھن لائن نے ان فٹ ہونے کی وجہ سے پریکٹس نہیں کی۔فاسٹ بولر پیٹ کمنس بھی فٹ نہیں۔ علاوہ ازیں 30سالہ گلین میکسول طبیعت کی ناسازگی کے باعث دو دن سے آسٹریلیائی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں بھی شرکت نہیں کر سکے جس کے بعد آسٹریلیا نے گلین میکسویل کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں شارجہ کی اسپن بولنگ کیلئے دوستانہ وکٹ پر ڈبل اسپن بولنگ اٹیک آزمانے کا فیصلہ کیا ہے اور لیگ اسپنر ایڈم زمپا کے ساتھ آف اسپنر نیتھن لیون کو کھلائے جانے کا قوی امکان ہے۔اگرچہ نیتھن لیون بھی معدے کی خرابی کے باعث پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کر سکے لیکن گزشتہ روز انہوں نے نیٹ پر اپنی مہارت کو بہتر بنایا جو ٹیم میں گلین میکسویل کی اسپن بولنگ کی کمی پوری کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔