آسام میں سیلاب کی صورتحال بدستور تشویشناک

گوہاٹی ۔ 21جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )آسام میں سیلاب کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے جہاں 35 مواضعات میں 32,000 افراد برساتی پانی میں محصور ہوگئے ہیں۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے کہا ہے کہ اضلاع کریم گنج اور دھیماجی میں 31,700 سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع کریم گنج میں سب سے زیادہ 31,500 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دھیماجی میں ایسے افراد کی تعداد 150 ہے ۔ 110 ہیکٹر سے زائد اراضی پر کئی فصلیں زیرآب ہوگئی ہیں۔ آسام میں اس سال سیلاب سے تاحال پانچ اموات ہوئی ہیں۔ بونگائی گاؤں باکس اور سونیت پور کے ایک ایک اور لکھیم پور کے دو افراد متوفیوں میں شامل ہیں۔ ضلع ہائیلہ کانڈی کے علاقہ ماٹی زوری میں دریائے کٹاکھال کا پانی فی الحال خطرہ کے نشان سے اوپر کی سطح پر بہہ رہا ہے ۔