آسام بند، بجرنگ دل کے 70 کارکن گرفتار

گوہاٹی۔/31اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بجرنگ دل کی جانب سے 12گھنٹوں کے آسام بند کے اعلان کے بعد عام زندگی جزوی طور پر متاثر ہوگئی۔ دریں اثناء پولیس نے بتایا کہ ریاست بھر سے بجرنگ دل کے تقریباً 70 کارکنوں کو املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ دریں اثناء گوہاٹی کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند پرکاش تیواری نے میڈیا کو بتایا کہ شہر سے بجرنگ دل کے 18کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو بند پر عمل کرنے کیلئے زبردست ی کررہے تھے۔ بند کا اعلان بنگلہ دیش میں اے آئی یو ڈی ایف اور جہادیوں کے درمیان مبینہ روابط کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا تھا۔ مسٹر تیواری نے کہا کہ بند کے حامیوں نے کئی مقامات پر ٹریفک روکنے کی کوشش کی جہاں انہوں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے لیکن پولیس نے ان کی تمام کوششوں کو ناکام کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ اس بند کو بی جے پی کی ریاستی یونٹ کی بھی تائید حاصل ہے۔ فی الحال یہاں پولیس اور سیکوریٹی فورسیس کی گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر زائد فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ حالانکہ متعدد تجارتی ادارے بند رہے لیکن سرکاری دفاتر بدستور کام کرتے رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیاں بھی نہیں چل رہی تھیں۔