آر کے نگر ضمنی انتخابات کیلئے مدھو سدھنن حکمراں جماعت کے امیدوار

چینائی ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکمراں جماعت اے آئی اے ڈی ایم کے نے آج 21 ڈسمبر کو رادھاکرشنن کے ضمنی انتخابات کیلئے ای مدھو سدھنن کو پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں انتخابی میدان میں اترنے کے خواہاں افراد کی ایک فہرست میں سے مدھوسدھنن کے نام کو قطعیت دی گئی جنہوں نے ضمنی انتخابات لڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ دریں اثناء پارٹی کوآرڈینیٹر اور تملناڈو کے نائب وزیراعلیٰ او پنیراسیلوم اور کوارڈینیٹر اور وزیراعلیٰ کے پلانی سوامی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز میں وضاحت کی گئی کہ مدھو سدھنن پارٹی کے اتفاق رائے سے منتخب کئے گئے امیدوار ہیں۔ یاد رہیکہ ڈی ایم کے کے ایم ماروتھوگنیش اور حاشیہ بردار اے آئی اے ڈی ایم کے قائد ٹی ٹی وی دیناکرن بھی انتخابی میدان میں ہیں۔ ضمنی انتخابات کا انعقاد قبل ازیں 12 اپریل کو مقرر تھا۔ تاہم رائے دہندوں میں رقومات کی تقسیم کا تنازعہ پیدا ہونے اور الیکشن کمیشن میں اس کی شکایت درج کرنے کے بعد رائے دہی کی تاریخ تبدیل کردی گئی۔