آر کے اسٹوڈیو کو فلم میوزیم میں تبدیل کرنے ممبئی کانگریس صدر سنجے نروپم کا مطالبہ

راجکپور کے حسین خواب آر کے اسٹوڈیو کی فروخت کی خبریں جیسے ہی آئی بالی ووڈ ہی نہیں ممبئی کے سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل مچ گئی ۔ چمبور میں واقع لیجنڈری ایکٹر راجکپور کی جانب سے 1948 میں بنائے گئے اس آئیکانک اسٹوڈیو کو فلم میوزیم میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ممبئی کانگریس صدر سنجے نروپم نے چیف منسسٹر مہاراشٹرا کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال آگ کے ایک حادثہ میں متاثر ہوئے اس اسٹوڈیو کی قیمت راجکپور کے ورثہ کو ادا کرتے ہوئے حکومت اسے حاصل کرے تاکہ میوزیم کی شکل میں آر کے اسٹوڈیو کی یاد ہمیشہ باقی رہ سکے۔

کنال دیشمکھ کی عمران ہاشمی کے ساتھ ’’جنت 2‘‘
عمران ہاشمی اور ڈائرکٹر کنال دیشمکھ اپنی ہٹ فلم جنت کا سیکویل جنت 2 بنانے کی تیاری مکمل کرچکے ہیں۔ اس طرح ان دونوں کا یہ خواب جنت کی ریلیز کے 10 سال بعد فلور پر پہنچنے جارہا ہے۔ اس فلم سے متعلق دیگر تفصیلات کو صیغہ راز میں رکھا گیا ہے جسے فلم سن آف سردار فیم پروڈیوسر این آر پچیا اور خود عمران ہاشمی پروڈیوس کریں گے۔ فلم کی اسکرپٹ نیشنل ایوارڈ یافتہ رائٹر سریدھر راگھون لکھ رہے ہیں۔ بتاتے چلیں کہ عمران اور کنال نے 2014 میں آئی فلم راجہ نٹور لال میں آخری بار ساتھ کام کیا تھا اور ان کی فلم جنت 2008 میں ریلیز ہوئی تھی۔