آر ٹی سی کو منفعت بخش بنانے کی مساعی ‘پدمادیویندر ریڈی

میدک ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن کے اولڈ بس اسٹیشن پر لب سڑک واقع فروٹس شاپس کے عارضی ڈبوں کو ہٹا کر چھوٹے ملگیوں پر مشتمل شاپنگ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا۔ اسی طرح ان ہی ملگیوں کو بس اسٹیشن کے اندر کی طرف بھی علحدہ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ یہ تمام شاپس موجودہ کاروبارو انجام دینے والے فروٹس تاجروں کو ہی الاٹ کئے جائیں گے۔ اس کیلئے فی الفور تخمینہ رپورٹ تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کریں۔ ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شریمتی ایم پدما دیویندر ریڈی نے آر ٹی سی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ پدما دیویندر ریڈی نے آر ٹی سی عہدیداروں کے ہمراہ میدک ٹاؤن کے دونوں بس اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے نیو بس اسٹیشن کے لب سڑک واقع ڈی ایم دفتر کے لئے ڈپو گیریج سے منسلک اوپن اراضی الاٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی ایم دفتر گیریج سے منسلک کردیا جائے گا اور موجودہ ڈی ایم دفتر کی عمارت کی جگہ شاپنگ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ حکومت آر ٹی سی کو منفعت بخش بنانے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میدک کے ٹیلیفون ایکسچینج کی اندرونی سڑک کے علاوہ گلشن کلب سے متصل اندرون بھی شاپنگ کامپلکس کی تعمیر کیلئے تخمینہ رپورٹ روانہ کرنے کی ہدایت دی۔ پدما دیویندر ریڈی کے ہمراہ ریجنل منیجر آر ٹی سی مسٹر رویندر ریڈی، ڈی ایم سرینواس، صدرنشین بلدیہ ملکارجن گوڑ، آر ڈی او میدک مسٹر ایم ناگیشو گوڑ، وائس چیرمین بلدیہ مسٹر راگی اشوک، صدر ٹاؤن ٹی آر ایس مسٹر ایم گنگادھر، رکن معاون بلدیہ جناب سید صادق، کونسلر چندرا کلا، پی آر او ڈپٹی اسپیکر جیون راؤ، تحصیلدار میدک مسٹر نوین، ٹریفک انسپکٹر آر ٹی سی مسٹر نوین اور دیگر ٹی آر ایس قائدین بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے میدک میں واقع اندرا گاندھی اسپورٹس اسٹیڈیم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میدک ٹاؤن کو ’’اسپورٹس ڈے‘‘ کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ یہاں والی بال، باسکٹ بال کورٹس اور سوئمنگ پل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ اسپورٹس اسٹیڈیم میدک میں ویمنس کرکٹ ٹیم کے مقابلہ منعقد کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے 1.50 کروڑ جاری کئے گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ ضلعی اسپورٹس عہدیدار بھی موجود تھے۔