آر جے ڈی ایم ایل سی بی جے پی میں شامل

پٹنہ ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی ایم ایل سی نول کشوریادو جنہیں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے گذشتہ سال نریندر مودی کی ستائش کرنے پر پارٹی سے معطل کردیا تھا، نے آج اپنے متعدد حامیوں کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ پارٹی آفس میں منعقد کی گئی ایک تقریب میں ریاستی یونٹ صدر منگل پانڈے کی جانب سے یادو کو پارٹی کی رکنیت دینے کی رسم ادا کی گئی۔ یاد رہیکہ مسٹر یادو تین میعادوں تک آر جے ڈی کے ایم ایل سی رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں آنجہانی سوشلسٹ قائد بی پی منڈل کے بیٹے آنند منڈل اور بھاگلپور کے ڈاکٹر این کے یادو نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ انہیں بی جے پی کے نظریات پر پورا پورا عقیدہ ہے اور ادعا کیا کہ وہ پارٹی کے مفاد میں کام کرتے ہوئے سخت محنت کریں گے تاکہ نریندر مودی کی قیادت میں مرکز میں این ڈی اے حکومت کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔

ممتا کی تائید صرف آئندہ عام انتخابات کیلئے : اناہزارے
ممبئی ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سماجی کارکن اناہزارے نے آج کہاکہ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی کیلئے ان کی تائید صرف آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے ہے۔ رالیگاؤں سدھی سے جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ممتابنرجی نے سماج کیلئے جدوجہد کی ہے۔ قومی مفاد کیلئے زدوکوب کا سامنا کیا ہے اور ان کے خیال میں ایسے ہی افراد کو ملک کی رہنمائی کرنی چاہئے۔ یہی وجہ ہیکہ وہ ان کی تائید کررہے ہیں۔ وہ ان کے قربانی کے جذبہ کی ستائش کرتے ہیں۔