آرڈیننس کے خلاف مرکز پر اپوزیشن کی تنقید

نئی دہلی/ کولکتہ ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی اے حکومت آج آرڈیننس کی اجرائی کے مسئلہ پر اپوزیشن کی سخت تنقیدوں کا نشانہ بنی۔ اپوزیشن نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت جمہوری عمل کو زمین دوس کر رہی ہے۔ سی پی آئی ایم نے پارلیمانی کارکردگی پر مطلق العنانی مسلط کئے جانے کے خلاف خبردار کیا اور صدر جمہوریہ کے نام اپنے مکتوب میں زور دیا کہ وہ کابینہ کی طرف سے منظورہ آرڈیننس کو قبول نہ کریں۔ ترنمول کانگریس نے بھی آرڈیننس کا راستہ اختیار کرنے حکومت کے طریقہ کار کی مذمت کی۔ ٹی ایم سی کے ترجمان اور راجیہ سبھا کے رکن ڈیرک او برائن نے کہا کہ ’’ترنمول کانگریس، آرڈیننس کا راستہ اختیار کرنے والی حکومت کی مذمت کرتی ہے ، یہ ایک انتہائی غیر اخلاقی امر ہے جس کے ذریعہ جمہوری عمل کو پامال کیا گیا ہے۔ ایسے آرڈیننس کا کیا فائدہ ہوسکتا ہے جو جمہوری عمل کو زمین میں دفن کرنے کے مترادف ہے۔ ایک مہینہ تک انہوں (حکومت) نے راجیہ سبھا میں ان آرڈیننس کو منظور کرنے کی کوشش کی جہاں وہ ایک ناامید اقلیت میں ہیں اور راجیہ سبھا اجلاس کے غیر معینہ التواء کے اندرون 24 گھنٹے حکومت نے پچھلے دروازہ کے ذریعہ آرڈیننس جاری کردیا‘‘۔