آرڈیننسوں پر صدر کا تبصرہ اپوزیشن کے لئے پیغام: وینکیا نائیڈو

نئی دہلی /30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے آرڈیننسوں پر حالیہ تبصرہ کو نیا موڑ دیتے ہوئے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ اس کا مقصد اپوزیشن پارٹیوں کو پیغام دینا تھا کہ وہ اس مشورہ کو سمجھیں اور پارلیمنٹ کو کام کرنے کا موقع دیں۔ انھوں نے ادعا کیا کہ حکومت آرڈیننسوں کا غیر معمولی راستہ اختیار کرنے پر اس لئے مجبور ہو گئی، کیونکہ ترقی رک نہیں سکتی۔ انھوں نے پارلیمنٹ کے گزشتہ اجلاس میں بلس کی منظوری کو روکنے کا اپوزیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے اپیل کی کہ 23 فروری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں ایوان کو مؤثر انداز میں کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ آرڈیننسوں کی اجرائی غیر معمولی اقدام ہے، یہ کوئی اچھا طریقہ نہیں ہے، لیکن اگر ایوان کو کام کرنے کا موقع دیا جائے تو ایسے اقدام کی ضرورت ہی نہیں پیش آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام ترقی چاہتے ہیں، اس کے لئے آرڈیننسوں کا اجراء ضروری ہو گیا تھا۔