آرتھر ورلڈ کپ سے قبل معاہدے میں توسیع کے خواہاں

کراچی ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انگلینڈ میں مقرر ورلڈ کپ 2019 سے قبل اپنے معاہدے میں توسیع کی خواہش کر دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے کوچنگ اسٹاف سے رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ تک معاہدہ کیا تھا لیکن اب مکی آرتھر نے معاہدے میں توسیع کی خواہش ظاہر کردی۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر نے کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیدار سے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے معاہدے میں ایونٹ سے قبل توسیع کی جائے۔ تاہم ہیڈ کوچ کی خواہش پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے خاموشی اختیار کر لی ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی پیشرفت کا امکان انتہائی معدوم ہے۔ دوسری جانب بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور معاہدے میں توسیع کے خواہش مند نہیں ۔ ٹیم کی گزشتہ سال کی کارکردگی خصوصاً ٹسٹ کرکٹ میں شکستوں کو دیکھتے ہوئے مکی آرتھر اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے معاہدے میں توسیع کا امکان انتہائی کم ہے ۔