آدھار غریبوں کیلئے اختیار کا ہتھیار: چدمبرم

نئی دہلی۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس پی چدمبرم نے آج منفرد شناختی نمبر یعنی آدھار کو غریبوں کیلئے اختیارات کا ہتھیار قرار دیا خصوصاً ان افراد کیلئے جو نقل مقامی کرتے ہیں، بے گھر ہیں اور بے سہارا ہیں۔ اپنے بجٹ کے دوران تقریر میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ آدھار کارڈ غریبوں کیلئے اور بے سہارا افراد کیلئے اختیارات کے ہتھیارکی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آدھار کارڈ کس کی ضرورت ہے؟ یہ اس کیلئے ہے جو سطح غربت سے نیچے زندگی گذارتے ہیں۔ ان غریبوں کیلئے جو نقل مقامی پر مجبور ہوتے ہیں۔ ان ورکروں کیلئے ہے جو ذریعہ معاش کیلئے ادھر سے ادھر آتے جاتے رہتے ہیں۔ بے گھر، بے سہارا افراد کو ہی تو آدھار کارڈ کی ضرورت ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انہیں آدھار کارڈ حاصل ہوجائے۔ گذشتہ سال مرکزی حکومت کو گیس سبسیڈی کیلئے آدھار کارڈ کو لازمی بنائے جانے پر ہر طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا

جس کے تحت مخصوص اضلاع میں گیس سبسیڈی کی رقم کو براہ راست استفادہ کنندگان کے اکاونٹ میں منتقل کیا جارہا ہے۔ تاہم عدالت عظمی نے مرکز سے کہا کہ حکومت ان افراد کو سبسیڈی کی رقم فراہم کرنے سے انکار نہیںکرسکتی جن کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہیں۔ اس احکام کے بعد اس اسکیم کو معرض التواء میں ڈال دیا ہے۔ تاحال اس اسکیم کے تحت 3370 کروڑ روپئے 2.1 کروڑ استفادہ کنندگان کے اکاونٹ میں منتقل کیا گیا ہے۔ چدمبرم نے کہا کہ اس اسکیم کو چند وجوہات کے سبب معرض التواء میں رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق 27 اسکیمات کے تحت استفادہ کنندگان کے اکاونٹ میں رقم منتقل کئے گئے ہیں جس میں نیشنل سوشل اسسٹنٹ پروگرام کے تحت جملہ 54,20,114 ٹرانسکشن 31 جنوری تک انجام دیئے گئے ہیں اور 628 کروڑ روپئے روپئے منتقل کئے گئے۔