آج ہند۔نیوزی لینڈپہلا ٹوئنٹی20

نئی دہلی۔ 31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ سے ونڈے سیریز جیتنے کے بعد مہمان ٹیم کے خلاف کل یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ہونے والے پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرآشیش نہرا کوکامیاب وداعی دینے کے ارادے سے اترے گی۔دہلی کے نہرا نے حال ہی اعلان کیا تھا کہ یکم نومبر کو دہلی میں ہونے والا یہ میچ ان کا آخری میچ ہوگا اور اس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے ۔ نہرا کے اس اعلان کے بعد قومی سلیکٹروں نے دنیا کی نمبر ایک ٹوئنٹی 20 ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لئے نہرا کو ٹیم میں شامل کر لیا۔نہرا کو پہلے میچ کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور ان کے آخری الیون میں کھیلنے کا فیصلہ کپتان کوہلی اور ٹیم انتظامیہ پرچھوڑ دیا گیا ہے ۔ایم ایس کے پرساد نے ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد واضح کیا تھا کہ نہرا نے بورڈ سے وداعی میچ کے لئے نہیں کہا اور وہ آخری الیون میں کھیلتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ کرے گی۔ نہرا آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی20 ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہیں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل پایا تھا۔ 38 سالہ نہرا کا پہلے میچ کے لئے ٹیم میں شامل کیا جانا کم از کم اس بات کا اشارہ تو دیتا ہے کہ زندگی سے بھرپور اس بولر کو میدان سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کو الوداع کہنے کا بے مثال موقع مل سکے گا۔ نہرا کے لئے اس سے بڑی بات اور کیا ہوگی کہ اگر انہیں ایسا موقع ملتا ہے تو یہ ان کا گھریلو میدان ہوگا اور ان کے سامنے اپنی دہلی کے شائقین ہوں گے ۔ہندستانی کرکٹ میں آخری مرتبہ میدان سے رخصت ہونے والے کھلاڑی ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر تھے جنہوں نے اپنا 200 واں ٹسٹ کھیل کر اپنے گھریلو میدان ممبئی سے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا تھا۔