آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر کیلئے کانگریس کی تائید

بے قاعدگیوں سے پاک رکھنا ضروری ۔ اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد 30 اپریل ( این ایس ایس ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ کانگریس پارٹی ریاست میں آبپاشی پارجیکٹس کی تعمیر میںتعاون کریگی صدر پردیش کانگریس نے ٹی آر ایس حکومت سے کہا کہ وہ ان پراجیکٹس کی تعمیر کو کسی طرح کی بے قاعدگی کے بغیر یقینی بنائے اور ٹنڈرس میں کوئی گول مال نہ کیا جائے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان پراجیکٹس کے لئے جو کچھ تعاون ممکن ہوسکے کرنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کانگریس پارٹی سے ان پراجیکٹس کے تعلق سے سوال کر رہے ہیں۔ کانگریس کا موقف یہ ہے کہ ہم ان کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے تیار ہیں جن کے نتیجہ میں ریاست کے عوام کو پانی دستیاب ہوسکے گا ۔ تشکیل تلنگانہ میں کانگریس کے آندھرائی قائدین کی مخالفت کا تذکرہ کرتے ہوئے پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے کہا کہ اگر کانگریس کے تلنگانہ قائدین نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تائید نہ کی ہوتی تو ہریش راؤ کو وزارت حاصل نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار جماعت کو تشکیل تلنگانہ میں ریاست کے کانگریس قائدین کے رول کو فراموش نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کو بھی چیف منسٹر کا عہدہ کانگریس کی وجہ سے حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ کانگریس حکومتوں نے بھی پالمور لفٹ اریگیشن اسکیم کیلئے بھاری رقومات مختص کی تھیں ۔ ہریش راؤ کیلئے کانگریس پر حقائق جانے بغیر تنقید کرنا درست نہیں ہے ۔