آبادیاتی عدم توازن پر تشویش آر ایس ایس کا بیان

رانچی ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) تازہ ترین مردم شماری مواد میں مسلم آبادی میں اضافے کے اظہار کے پیش نظر آر ایس ایس نے آج ملک کی آبادی پالیسی کی ازسرنو تدوین چاہتے ہوئے استدلال پیش کیا کہ ’’آبادیاتی عدم توازن کا مسئلہ‘‘ پایا جاتا ہے اور تمام مذاہب میں بچہ تناسب ’’غیرمساوی‘‘ ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آر ایس ایس نے یہاں ایک میٹنگ میں آبادی کے مسئلے پر غوروخوض کیا اور ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری 2011ء کے مذہبی ڈاٹا نے آبادی پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت کو اجاگر کیا، جو 2000ء میں وضع کی گئی تھی۔ میٹنگ کے بعد میڈیا کو واقف کراتے ہوئے آر ایس ایس کے جوائنٹ سکریٹری کرشنا گوپال نے کہا کہ مرکز سے قومی آبادی پالیسی پر نظرثانی کرنے کیلئے اپیل کی گئی ہے۔