آئی پی ایل کی میزبانی ، ہنوز کوئی فیصلہ نہیں ہوا : بی سی سی آئی

بھوبنیشور۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں زیادہ سے زیادہ مقابلے ہندوستان میں منعقد کرانے کی خواہاں بی سی سی آئی نے آج فیصلہ کیا ہیکہ وہ ہندوستان میں عام انتخابات کی تواریخ کے اعلان تک انتظار کرے گی جس کے بعد ہی ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کی میزبانی کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا کیونکہ حکومت نے ملک میں عام انتخابات کے پیش نظر کرکٹ ٹورنمنٹ کو سیکوریٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کا آج یہاں اجلاس منعقد ہوا، جس میں کہا گیا ہیکہ وزارت داخلہ نے ہندوستان میں اپریل اور مئی میں منعقد شدنی عام انتخابات کے پیش نظر آئی پی ایل کو سیکوریٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد 9 اپریل تا 3 جون منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے شیڈول کے عام انتخابات کی تواریخ کا تصادم ہورہا ہے۔ بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے صدر این سرینواسن نے کہا کہ آئی پی ایل کی میزبانی کے متعلق قطعی فیصلہ ملک میں منعقد شدنی عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔

ممبئی ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کے اسٹار کھلاڑی سرفراز خان کو وجئے ہزارے ٹرافی کیلئے ممبئی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جیسا کہ وہ گذشتہ روز ہی متحدہ عرب امارات سے وطن واپس ہوئے ہیں۔ ممبئی کو بروڈہ کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں 44 رنز کی شکست ہوئی ہے اور وہ سرفراز کی شمولیت کے ذریعہ بیٹنگ شعبہ کو مستحکم کرنے کی کوشاں ہے۔