آئی پی ایل سے عنقریب بیرونی کھلاڑیوں کی واپسی ہوگی

نئی دہلی ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ایک طرف جہاں آئی پی ایل کا خمار چھایا ہوا ہے وہیں آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریاں بھی شروع ہوگئی ہیں۔ انہیں تیاریوں کے مدنظرانگلینڈ کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں کھیل رہے اپنے کھلاڑیوں کو واپس انگلینڈ لوٹنے کا حکم دے دیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کو 10 دن کے اندرملک لوٹنے کی ہدایت دی ہے۔ آئی پی ایل میں کئی انگریز کھلاڑی موجود ہیں جو اپنی ٹیم کو میچ جتا رہے ہیں، یا پھروہ اپنی ٹیم کو مضبوطی دے رہے ہیں لیکن اب ان کھلاڑیوں کے جانے کے بعد یہ ٹیمیں مشکل میں پڑسکتی ہیں۔ کیونکہ ان کے جانے سے ان کی ٹیم میں ان کی جگہ لینا کسی کے لئے آسان نہیں ہوگا۔ بیرونی کھلاڑیوں کے چلے جانے سے سب سے زیادہ حیدرآباد کو نقصان ہوگا۔ سن رائزرس حیدرآباد نے اب تک چار میچ جیتے ہیں اوران سبھی جیت میں اس کے اوپنرز وارنراورجانی بیرسٹو کا تعاون رہا ہے۔ وارنر فی الحال ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں جبکہ بیرسٹو بہترین فارم میں ہیں اوروہ ایک سنچری بھی لگا چکے ہیں، ان کے جانے کے بعد حیدرآباد کو اوپنرس تلاش کرنا ہوگا۔ اس ٹیم کے سبھی ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک مایوس کیا ہے۔ راجستھان رائلس کے لئے یہ سیزن بہت خراب رہا ہے۔ اس نے اب تک دو ہی میچ اپنے نام کئے ہیں حالانکہ اس کے فاسٹ بولر جوفرا آرچرنے اب تک زبردست بولنگ کی ہے لیکن 26 اپریل تک وہ اپنے ملک لوٹ جائیں گے۔ ان کے ساتھ بین اسٹوکس بھی انگلینڈ واپس جائیں گے۔ حالانکہ اب تک ان کی کارکردگی خراب رہی ہے۔ اب 26 اپریل کے بعد کنگس الیون پنجاب اوررائل چیلنجرس بنگلورکی ٹیم کو بھی جھٹکا لگے گا۔ پنجاب کی ٹیم میں سیم کرن اوربنگلورکی ٹیم میں معین علی کھیلتے ہیں، جن کا انتخاب ورلڈ کپ کی ٹیم میں بھی ہوا ہے اورانہیں بھی انگلینڈ لوٹنا ہوگا۔