آئی پی ایس افسر صدیقی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نئے رجسٹرار مقرر

نئی دہلی۔یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام)  انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے سینئر افسر اے پی صدیقی کو جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کا نیا رجسٹرار مقرر کیا گیا ہے ۔ 1991 ء بیاچ کے آئی پی ایس افسر مسٹر صدیقی ڈاکٹر شاہد اشرف کی جگہ رجسٹرار بنائے گئے ہیں۔ ڈاکٹر اشرف گزشتہ دنوں جامعہ کے وائس چانسلر بنائے گئے تھے ۔ مسٹر صدیقی 1987 ء سے 91 ء تک جودھپور اور جبل پور یونیورسٹی میں محکمہ قانون میں استاد رہ چکے ہیں۔ رجسٹرار بننے سے پہلے وہ ہماچل پردیش کی راجدھانی شملہ میں پولیس ہیڈکوارٹر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس تھے ۔ وہ ہماچل پردیش میں ڈائریکٹر جنرل (آئی جی) کے عہدے کے بھی افسر رہ چکے ہیں۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کرنے والے مسٹر صدیقی کو 1983ء میں بی ایس سی میں گولڈ میڈل ملا تھا۔ وہ کوسوو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھی تھے ۔اس کے علاوہ دہلی میں نارکوٹکس بیورو میں بھی انہوں نے کام کیا۔