آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 : بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان 50 رن سے فاتح

ڈھاکہ 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے ایک میچ میں پاکستان نے اپنے اوپنر احمد شہزاد کی شاندار ناٹ آوٹ سنچری اور فاسٹ بولر عمرگل کی بہترین بولنگ کے نتیجہ میں بنگلہ دیش کے خلاف 50 رنوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کا امکان برقرار رکھا ہے ۔ پاکستان اس میچ میں بہترین مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش کو کہیں بھی موقع فراہم نہیں کیا ۔ پاکستان نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹس کے نقصان سے 190 رنوں کا زبردست اسکور کھڑا کیا تھا ۔ اس میں اوپنر احمد شہزاد کا اہم رول رہا جنہوں نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 62 گیندوں میں پانچ چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 111 ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ۔ انہوں نے ابتداء ہی سے جارحانہ تیور اختیار کئے ہوئے تھے اور بنگلہ دیش کے تمام بولرس کی جم کر پٹائی کی ۔ انہوں نے میدان کے چاروں جانب خوبصورت شاٹس لگائے اور بہترین فارم میں نظر آ رہے تھے ۔ آج تاہم اکمل برادران ناکام رہے ۔ اوپنر کامران اکمل صرف 9 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔

انہوں نے دو چوکے لگائے تھے ۔ عبدالرزاق کی گیند پر ضیا الرحمن نے ان کا کیچ لیا ۔ کپتان محمد حفیظ بھی اپنے فارم میں واپس نہیں ہوسکے ہیں ۔ انہوں نے صرف 8 رن اسکور کئے اور عبدالرزاق کی گیند پر ہی مشفق الرحیم نے انہیں اسٹمپ آوٹ کیا ۔ عمر اکمل اپنا کھاتہ ہی نہیں کھول سکے اور دوسری ہی گیند پر محمد اللہ کی گیند پر تمیم اقبال کو کیچ دے بیٹھے ۔ تاہم اس موقع پر شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھال کر احمد شہزاد کے ساتھ پارٹنر شپ بنانے پر توجہ دی ۔ انہوں نے 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکوں کی مدد سے 26 رنز اسکور کئے ۔ وہ شکیب الحسن کی گیند پر مشفق الرحیم کے ہاتھوں اسٹمپ آوٹ ہوئے ۔ شاہد آفریدی نے آخری لمحات میں تیز رفتار بیٹنگ کی اور صرف 9 گیندوں میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے انہوں نے 22 رنز اسکور کئے ۔ الامین حسین کی گیند پر ضیا الرحمن نے ان کا کیچ لے کر آوٹ کیا جبکہ صہیب مقصود ایک رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ بنگلہ دیش کے بولرس میں شکیب الحسن اور عبدالرزاق نے بہترین بولنگ کی جبکہ مشرفی مرتضی کافی مہنگے ثابت ہوئے ۔ انہوں نے اپنے چار اوورس میں کوئی وکٹ لئے بغیر 63 رنز دئے ۔

عبدالرزاق نے اپنے چار اوورس میں صرف 20 رنز دے کر دو وکٹس حاصل کئے جبکہ شکیب الحسن نے چار اوورس میں 21 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی ۔ الامین حسین اور محمود اللہ کو بھی ایک ایک وکٹ حاص ہوئی ۔ ضیاالرحمن نے ایک اوور میں 22 رنز دئے ۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے مقررہ 20 اوورس میں سات وکٹس کے نقصان سے 140 رنز ہی بنا پائی ۔ اوپنر تمیم اقبال نے دو چوکوں کی مدد سے 16 رن بنائے جنہیں عمرگل نے بولڈ کیا جبکہ انعام الحق 18 رن تین چوکوں کی مدد سے بناکر سعید اجمل کی گیند پر انہیں کو کیچ دے بیٹھے ۔ شکیب الحسن نے 32 گیندوں میں دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے ۔ انہیں عمرگل کی گیند پر عمر اکمل نے کیچ آوٹ کیا ۔ شمس الرحمن چار رن بناکر شاہد آفریدی کی گیند پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے ۔ کپتان مشفق الرحیم صرف دو رن بناسکے ۔ انہیں ذوالفقار بابر نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا ۔ ناصر حسین سعید اجمل کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں اسٹمپ آوٹ ہوئے جبکہ محمود اللہ 17 رن ایک چھکے کی مدد سے بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ضیا الرحمن صفر کے اسکور پر عمرگل کے کی گیند پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے جبکہ مشرفی مرتضی 17 رن چار چوکوں کی مدد سے بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ احمد شہزاد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔