آئی سی سی نے زوئیسا اور گوناوردھنے کو معطل کردیا

دبئی۔ 10مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے کرکٹ کرپشن الزامات پر سری لنکا کے 2 کرکٹرز کو معطل کرکے 14 دنوں میں جواب طلب کرلیاہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل نے کرکٹ کرپشن میں الزامات پر سری لنکا کے 2 کھلاڑی نوان زوئیسا اور اویشکا گوناوردھنے کو معطل کرکے 14 دن میں جواب طلب کرلیاہے۔ نوان زوئیسا اور اویشکا گوناوردھنے پر دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹی 10 کرکٹ لیگ میں ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر 40 سالہ نوان زوئیسا ضابطہ کی چارشقوں اورگونا ورد نے کو دو شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹہرایا گیا ہے۔ فاسٹ بولر پر تحقیقات میں عدم تعاون، کرپشن کرنے اورکھلاڑیوں کو اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں،30 ٹسٹ اور95 ونڈے میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کرنے والے زوئیسا کو اس سے پہلے نومبر میں بھی آئی سی سی کی جانب سے تین خلاف ورزیوں پر معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب انہیں ایمریٹس کرکٹ بورڈ کی جانب سے معطل کیا گیا ہے، بائیں ہاتھ کے اوپنر اویشکا گوناورد 6 ٹسٹ اور61 ونڈے میچ سری لنکا کی جانب سے کھیل چکے ہیں، انہیں ایونٹ کے شرکا کو کرپشن کے لئے اکسانے اور اینٹی کرپشن یونٹ سے عدم تعاون کے الزامات کا سامنا ہے۔