آئی سی سی،انگلینڈ اور آسٹریلیا پر الجزیرہ کی شدید تنقید

دبئی۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی،انگلینڈ اور آسٹریلیا کی جانب سے میچ فکسنگ الزامات سے انکار پر عرب ٹی وی کے ترجمان نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دستاویزی فلم میں پیش کئے گئے ٹھوس شواہد انتہائی بھونڈے طریقے سے جھٹلائے جا رہے ہیں اور بارہا اس بات کا تقاضہ کیا جا رہا ہے کہ الجزیرہ ٹی وی نے غیرایڈٹ شدہ مواد فراہم نہیں کیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ پانچ ہفتے گزر جانے کے باوجود گورننگ باڈی کے حکام نے ان اہم سوالوں کے جوابات بھی نہیں دیے جو ان سے سٹہ باز انیل منورسے متعلق دریافت کئے گئے تھے جو اس معاملے کا اہم ترین کردار ہے۔ دستاویزی فلم میں الجزیرہ ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ آئی سی سی 2010 سے انیل منور کی مشتبہ سرگرمیوں سے واقف ہے۔الجزیرہ ٹی وی کے حکام نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ سے متعلق تمام تر شواہد متعلقہ حکام کو فراہم کئے جائیں گے کیونکہ انہیں یقین نہیں کہ آئی سی سی اس معاملے میں پولیس کو ملوث کرے گی۔ الجزیرہ کے ترجمان کے مطابق انہوں نے آئی سی سی کے غیر سنجیدہ رویہ کے باعث ہی انٹرپول سے مذاکرات کئے ہیں۔یادرہے کہ الجزیرہ ٹی وی نے اپنی ایک خفیہ کارروائی میں کئی ایک مقابلوں کے فکسڈ ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔