آئی اے ای اے اور ایران اشتراک پر رضامند

جنیوا ؍ تہران ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے اور ایران کے مابین اشتراک کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جبکہ دوسری طرف امریکہ نے تہران حکومت کی طرف سے یورینیم کی افزودگی کے ’حق‘ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے تہران سے موصولہ رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کی بین الاقوامی ایجنسی برائے جوہری توانائی IAEA کے سربراہ یوکیو امانو اور ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ علی اکبر صالحی نے پیر کو تعاون کے اس معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اپنے دورہ ایران کے دوران امانو نے صالحی کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران اس معاملت کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تہران کے متنازعہ جوہری پروگرام سے متعلق خدشات دور کرنے کیلئے ابھی ’مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے‘۔آئی اے ای اے اور تہران کے مابین طے پانے والے ’اشتراک کے روڈ میاپ ‘ کے تحت بین الاقوامی جوہری معائنہ کاروں کو ایران کی مختلف ایٹمی تنصیبات تک رسائی دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ اب یہ معائنہ کار گچین میں واقع یورینیم کی کان کے علاوہ زیر تعمیر پانی کی بھاری تنصیبات کا معائنہ بھی کر سکیں گے۔ پیر کو تہران میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران صالحی کا کہنا تھا کہ اشتراک کے اس روڈ میاپ کے تحت فریقین باہمی کوششوں سے ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق دیگر مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔اگرچہ آئی اے ای اے کے معائنہ کار باقاعدگی سے ایران کی ایٹمی تنصیبات کی نگرانی کرتے ہیں لیکن کچھ ایسی عسکری تنصیبات بھی ہیں، جہاں انہیں جانے کی اجازت ابھی تک نہیں دی گئی ہے۔ انہی میں پارچین کا فوجی اڈہ بھی شامل ہے۔ یہ وہی عسکری تنصیب ہے، جہاں خفیہ معلومات کے مطابق شاید جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق ریسرچ کی جاتی ہے۔
مشرف بیرون ملک سفر کیلئے کوشاں
کراچی ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چار بڑے کیسوں میں ضمانت مل جانے کے فوری بعد سابق صدر پرویز مشرف کے وکلاء نے آج ایک عدالت میں اپیل دائر کرتے ہوئے اپنے موکل کے پاکستان کے باہر سفر پر عائد حکومتی امتناع کے جواز کو چیلنج کیا ۔ وکیل نے کہا کہ مشرف دبئی جانا چاہتے ہیں تاکہ اپنی95 سالہ علیل والدہ کی عیادت کرسکیں جو سفر کے قابل نہیں ہیں ۔
جنوبی افریقہ : بس اور ٹرک کے مابین تصادم ، 29 ہلاک
جوہانسبرگ ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک جبکہ 23 زخمی ہو گئے۔ گیارہ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پریٹوریا کے مشرقی علاقے میں پیر کی رات حادثہ اس وقت رونما ہوا جب ایک مسافر بردار بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حکام کے بقول ٹرک ڈرائیور سڑک پر کھڑی ایک گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں تھا کہ سامنے سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا۔ایک سرکاری ترجمان نے کہاکہ ٹرک یا بس ڈرائیور دونوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں کہ آیا وہ بھی مرگئے یا زندہ ہیں۔
پولینڈمیں قومی دن پر فسادات درجنوں گاڑیاں نذر آتش
وارسا۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پولینڈ میں قومی دن پر دارالحکومت وارسا میں فسادات پھوٹ پڑے، مظاہرین نے درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی اور روسی سفارتخانے پر ہلا بول دیا۔ قومی دن کے موقع پر سالانہ پریڈ جاری تھی کہ اچانک کچھ نقاب پوش افراد نے پتھراؤ شروع کر دیا۔ مظاہرین نے روسی سفارتخانے کی عمارت کا گھیراؤ کیا اور درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ربڑ بلٹس اور پانی کی توپ کا استعمال کیا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ مظاہرین کے ساتھ تصادم میں 2 پولیس عہدیدار زخمی ہوگئے۔