آئی ایس آئی ایس کی لعنت کے خلاف سمینار

آئندہ ہفتے اقلیتی کمیشن کی جانب سے انعقاد : عابد رسول خاں
حیدرآباد 31 جولائی ( پی ٹی آئی ) ریاستی اقلیتی کمیشن برائے تلنگانہ و آندھرا پردیش کی جانب سے نوجوانوں میں آئی ایس آئی ایس کی لعنت کے خلاف شعور بیدار کرنے آئندہ ہفتے ایک سمینار منعقد کیا جا رہا ہے ۔ اس سمینار میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ آئی ایس آئی ایس کی سرگرمیوں کا حصہ بننے کے اثرات کو اجاگر کیا جائیگا ۔ کمیشن کے صدر نشین عابد رسول خان نے کہا کہ یہ سمینار 5 یا 6 اگسٹ کو منعقد کیا جائیگا ۔ اس میں اہم مسلم قائدین ‘ مذہبی شخصیتیں ‘ پولیس عہدیدار ‘ ماہرین قانون اور سوشیل میڈیا کمپنیوںکے نمائندوں کو مدعو کیا جا رہا ہے ۔ جناب عابد رسول خان نے کہا کہ یہ بہت اہم سشن ہوگا اور ہم انٹلی جنس نگرانی سے متعلق عہدیداروں بشمول گوگل اور فیس بک کے نمائندوں کو بھی مدعو کر رہے ہیں ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم مذہبی علما ‘ قائدین ‘ میڈیا شخصیتوں اور اداروں کے ذمہ داران جیسے اردو اخبارات ‘ کالج پرنسپلس ‘ جے این ٹی یو اور عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرس اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سمینار کا مقصد یہ جائزہ لینا ہے کہ آئی ایس آئی ایس کس طرح نوجوانوں کو متاثر کر رہی ہے اور کس طرح نوجوانوں کو مخصوص ویب سائیٹس کے ذریعہ گمراہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سمینار کا مقصد والدین کو یہ پیام دینا ہے کہ وہ اپنے نوجوان لڑکوں کو ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے روکیں ۔ کس طرح ان پر نظر رکھی جاسکتی ہے ۔ انہیں اس بات سے واقف کروانا ہے کہ ایسی سرگرمیوں پر کیا مقدمات درج ہوسکتے ہیں اور کیا سزائیں مل سکتی ہیں۔