آئی ایس آئی ایس کا بائیکاٹ کیا جائے

کوزی کوڈ ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کیرالا کے ایک عالم دین نے فتویٰ جاری کرتے ہوئے مسلمانوں سے آئی ایس آئی ایس اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے بائیکاٹ پر زور دیا ہے ۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا سنی جمعیتہ علماء شیخ ابوبکر احمد نے فتویٰ میں کہا کہ انتہا پسند تنظیموں کی حمایت اسلامی شریعت کے منافی ہے ۔ عالم اسلام کو مخالف اسلام تنظیموں سے لاحق خطرات سے نمٹنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے دہشت گرد گروپس اسلام کے نام پر مذہب کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ فتویٰ میں کہا گیا کہ انتہا پسند یا دہشت گرد تنظیموں کی کسی بھی طرح کی مدد اسلامی شریعت کے خلاف ہے ۔ یہ بھی کہا گیا کہ آئی ایس آئی ایس یا ان کے خود ساختہ خلیفہ کسی بھی طرح اسلام کی نمائندگی نہیں کرتے ۔ وہ نہ صرف مخالف اسلام بلکہ انسانیت کے دشمن ہیں ۔ عراق اور شام میں ان کی ظالمانہ سرگرمیوں سے مسلمانوں کو فائدہ نہیں ہورہا ہے بلکہ اسلام کی بدنامی ہورہی ہے ۔ وہ اسلام کی ایسی تصویر پیش کررہے ہیں گویا یہ مغرب کا مخالف ہے اور اس تنظیم کا مقصد وسیع تر مسلم دنیا میں اپنے سیاسی ایجنڈہ کی تکمیل ہے ۔ ان کی سرگرمیوں کی کسی بھی طرح کی تائید اسلام کے بنیادی اصولوں کے مغائر ہے ۔ انہوں نے تمام مسلمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ان سرگرمیوں کی مذمت کریں اور ان لوگوں کے حق میں دعا کریں جو ان کی بے رحمانہ سرگرمیوں کا شکار ہورہے ہیں ۔۔