آئندہ اقلیتی بہبود کمیٹی اجلاس میں شرکت کرنے عہدیداروں کو ہدایت

اجلاس میں عدم شرکت پر چیف سکریٹری سے مسئلہ رجوع ، عہدیداران متحرک
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست (سیاست نیوز) اسمبلی کی اقلیتی بہبود کمیٹی کے اجلاس میں عہدیداروں کی عدم شرکت کا معاملہ چیف سکریٹری کے دفتر تک پہنچ چکا ہے ۔ اقلیتی بہبود کمیٹی نے عہدیداروں کے رویہ کے بارے میں چیف سکریٹری سے شکایت کی ، اس کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود متحرک ہوچکا ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تمام اقلیتی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ 12 ستمبر کو منعقد ہونے والے اقلیتی بہبود کمیٹی کے اجلاس میں لازمی طور پر شرکت کریں۔ اس اجلاس کے ایجنڈہ کے مطابق تمام درکار تفصیلات کے ساتھ عہدیداروں کو موجود رہنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ اسمبلی کمیٹی کا اجلاس 12 اور 13 ستمبر کو منعقد ہوگا ۔ پہلے دن تمام اقلیتی اداروں کی اسکیمات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ لہذا تمام عہدیداروں کو متعلقہ تفصیلات کے ساتھ حاضر ہونا چاہئے۔ دوسرے دن محکمہ مال کے عہدیداروں کو طلب کیا گیا ہے، جن میں 3 ضلع کلکٹرس شامل ہیں۔ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ، اقلیتوں کو بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی اجرائی اور ٹریننگ ایمپلائیمنٹ کے تحت پیشہ ورانہ کورسس میں ٹریننگ کے اہتمام جیسے امور آئندہ اجلاس میں شامل رہ سکتے ہیں۔ کمیٹی نے حکومت کے مجوزہ ریونیو سروے سے استفادہ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی ہوسکے ۔ واضح رہے کہ کل منعقدہ اقلیتی بہبود کمیٹی کے اجلاس میں سوائے سکریٹری کے کسی اور عہدیدار نے شرکت نہیں کی ، جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا۔