آئندہ اسمبلی یا پارلیمانی انتخابات نہ لڑنے کا شنڈے کا اعلان

شولاپور ۔ 17 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر سشیل کمار شنڈے نے کہا ہے کہ یہ انتخابات ان کے آخری انتخابات ہوں گے اس کے بعد وہ کسی بھی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ۔ سشیل کمار شنڈے مہاراشٹرا میں شولاپور کے لوک سبھا حلقے کے کانگریس کے امیدوار ہیں ۔ 77 سالہ شنڈے کو لنگایت فرقے کے گرو جئے سدیشور سوامی کے خلاف کھڑا کیا گیا ہے ۔ سوامی بی جے پی کے امیدوار ہیں ۔ اس حلقہ سے ان کا مقابلہ ونچیت بھویان اگاڈی کے امیدوار پرکاش امبیڈکر سے بھی ہے ۔ جمعرات کو یہاں انتخابات ہوں گے ۔ شنڈے نے آئندہ پارلیمانی یا اسمبلی انتخابات نہ لڑنے کا اعلان چہارشنبہ کو اخباری نمائندوں کے سامنے کیا ۔ منموہن سنگھ کی قیادت میں قائم مرکزی حکومت میں شنڈے وزیر داخلہ تھے ۔ وہ مہاراشٹرا کے وزیر اعلی اور متحدہ آندھرا پردیش کے گورنر بھی رہ چکے ہیں ۔۔