گوہاٹی ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعلی آسام ترون گوگوئی نے آج مرکز کی این ڈی اے حکومت کو ملک کی سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی پر انہیں قصداً نظر انداز کرنے پر ہدف تنقید بنایا ۔ ٹوئیٹر پر متعدد ریمارکس تحریر کرتے ہوئے انہوں نے نریندر مودی کو تنگ دماغ اور متعصب شخص قرار دیا ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے ملک کے لیے اندرا گاندھی کی قربانی کو قصداً نظر انداز کرنا انتہائی بدبختانہ ہے ۔ راشٹریہ سنکلپ دیوس کا انعقاد نہ کر کے این ڈی اے حکومت نے اپنی تنگ دماغی اور متعصبانہ رویہ کا ثبوت پیش کردیا ہے ۔ ایک دیگر ٹوئیٹ میں گوگوئی نے کہا کہ ملک کے کروڑوں عوام اندرا گاندھی کی قربانی کبھی فراموش نہیں کرسکتے اور وہ ہمیشہ عوام کے دلوں اور ذہنوں میں زندہ رہیں گی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ملک کے پہلے وزیر داخلہ آنجہانی ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کو ’ قومی یوم اتحاد ‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کیا اندرا گاندھی نے ملک کے اتحاد اور یکجہتی کے لیے اپنی جان نچھاور نہیں کی ؟ این ڈی اے حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ سرکاری طور پر صرف مہاتما گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش اور برسیاں منائی جائیں گی ۔ جہاں تک ملک کے دیگر قائدین کا سوال ہے تو ان کی یوم پیدائش اور برسیاں مختلف ٹرسٹس اور سوسائٹیوں کی جانب سے منائی جائے تو بہتر ہوگا ۔ سردار پٹیل کی یوم پیدائش منانے سے کسی دوسرے قومی لیڈر کو نیچا دکھانا این ڈی اے حکومت کا مقصد نہیں ہے ۔۔