کراچی۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کر دیا ہے کہ 2018 میں ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ کے انعقاد کی مخالفت کی جائے گی۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے کہا ہے کہ انہیں آئی سی سی کے اس فیصلے کا علم نہیں لیکن جب بھی گورننگ باڈی یہ معاملہ میز پر لائی گی تو اس کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ شہریارخان کے بموجب وہ ورلڈکپ کی 2018 میں حمایت کرنے کے بجائے کرکٹ بورڈز سے اصرار کریں گے کہ کھیل کے روایتی فارمیٹ ٹسٹ کرکٹ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہت زیادہ مقبول ہے جسے گلوبلائز کرنا اہمیت کی بات سہی لیکن یہ انہیں ذاتی طور پر طویل مدت تک قائم رہنے والی چیز محسوس نہیں ہوتی لہٰذا بہتر یہی ہے کہ کھیل کے اصل چہرے ٹسٹ کرکٹ کی تنظیم نو کر کے اسے دوبارہ مقبول بنانے کی کوشش کی جائے۔ فی الوقت وہ آئی سی سی کے فیصلے سے پوری طرح واقف نہیں لیکن یہ معاملہ جب بھی اٹھایا گیا تو اس کی حمایت نہیں کریں گے۔ شہریارخان نے واضح طور پر نشاندہی کی کہ وہ ورلڈ کپ کے ہر دو سال بعد انعقاد کیخلاف ووٹ دیں گے۔ وہ روایت پسند اور اولڈ اسکول کے حامی ہیں لہٰذا ان کی کوشش تو یہی ہو گی کہ ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ کی بہتری پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ بہت مقبول ہو رہی ہے لیکن اس طرز کی کرکٹ مختلف ممالک میں نجی لیگز کی صورت پہلے ہی بہت زیادہ کھیلی جا رہی ہے جس کی زیادتی کی ہر کوئی مخالفت کر رہا ہے۔