لندن۔ 31ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی مشاہیر کی ظاہری شکل و صورت سے مشابہت بعض لوگوں کیلئے پریشانی کا موجب بنتی جبکہ بعض اسے گم نامی سے شہرت کے حصول کے ساتھ دولت بٹورنے کا بھی ذریعہ بنا لیتے ہیں۔جرمنی کے مطلق العنان فوجی آمر ایڈولف ہٹلر کے ایک ہم شکل کی ان دنوں یورپی ملکوں میں مقبولیت بڑھ رہی ہے ۔ دوسری جانب ہٹلر کے ہم شکل بیزاری ایمین ڈیگنوفیسی نامی یوگوسلاویئن شہری نے عوامی شوق کو دیکھتے ہوئے اپنی قیمت بڑھادی ہے اور اب وہ یادگاری فوٹو بنانے پر بھی ایک سو ڈالر کا تقاضا کرنے لگا ہے۔کچھ عرصہ قبل جب اسے یہ اندازہ ہوا کہ اس کے خدوخال ہٹلر سے ملتے ہیں تو اس نے گائوں کی گمنام زندگی ترک کی اور شہروں میں شہرت کے حصول کیلئے نکل کھڑا ہوا۔جہاں ہٹلر سے واقف لوگوں نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا اور اسے دنوں میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ڈمی ہٹلر کے ناز نخرے اب اتنے بڑھ چکے ہیں کہ وہ اپنے ساتھ یادگاری تصویر بنانے بھی ایک سو ڈالر کا مطالبہ کرتا ہے۔موجودہ برطانوی قانون کے تحت دانستہ طور پر ہٹلر کی مشابہت اختیار کرنا یا اس جیسا طرز لباس اختیار کرنا ایک قابل دست اندازی جرم ہے اور ایسا کرنے پر جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے۔