اقوام متحدہ ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے ایسی مسودہ قراردادوں کی دفعات کے خلاف ووٹ دیا ہے جو اس کیلئے لازمی کردیتیں کہ نیوکلیئر عدم پھیلاؤ میثاق (این پی ٹی) کی تعمیل کرے، اور کہا کہ اس معاہدہ میںغیرنیوکلیئر اسلحہ والی مملکت کے طور پر شامل ہونے کا ’’کوئی سوال نہیں‘‘ ہے۔ نیوکلیئر پھیلاؤ والے نیٹ ورکس کے سبب نیوکلیائی اور اجتماعی تباہی والے دیگر ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تعلق سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 193 رکنی یو این جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی جو ترک اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی مسائل سے نمٹتی ہے، اس نے کل ایک مسودہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ایسے تمام رکن مملکتوں سے اپیل کی جنہوں نے ابھی تک نیوکلیئر تجربہ پر امتناع کے جامع معاہدہ پر دستخط اور اس کی توثیق نہیں کی ہے۔ اس مسودہ کی منظوری سے قبل مختلف دفعات کے بارے میں پولنگ کرائی گئی۔ اس معاملہ میں ریکارڈ 164 ووٹوں کی اکثریت کے ساتھ مسودہ کو برقراررکھا گیا جبکہ پیپلز ریپبلک آف کوریا، ہندوستان اور اسرائیل نے اس کے خلاف ووٹ دیئے۔ اپنے ووٹ کی وضاحت میں ہندوستان نے کہا کہ وہ غیر نیوکلیئر اسلحہ والی مملکت کی حیثیت سے این پی ٹی کی تعمیل کرنے کی اپیل قبول نہیں کرسکتا۔