گانجہ کا ریاکٹ بے نقاب ، 2 افراد گرفتار

200 کیلوگرام منشیات برآمد ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔3 جون (سیاست نیوز) شہر میں ایک گانجہ کے ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد بشمول ناندیڑ کے متوطن کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 200 کیلوگرام منشیات برآمد کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس چیتنیا کمار نے کہا کہ 21 سالہ شیخ عارف ساکن چھتری ناکہ کا تعلق مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ سے ہے، اور وہ روزگار کی تلاش میں چند سال قبل شہر منتقل ہوا تھا اور وہ روٹی بنانے کا کام کررہا تھا۔ کم آمدنی میں گذر بسر کرنے میں دشواریوں کے پیش نظر اس نے اپنے ایک رشتہ کے بھائی اشفاق سے رابطہ قائم کیا اور دونوں نے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم علاقہ سے گانجہ خرید کر اسے شہر منتقل کرتے ہوئے اسے دوگنی قیمت میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا۔ اس کاروبار میں ناندیڑ کا ایک اور متوطن شیخ سمیر بھی شامل ہوگیا اور شیخ عارف نے وشاکھاپٹنم کے متوطن سریکانت سے 200 کیلو گانجہ حاصل کیا اور اسے کار میں شہر منتقل کیا تھا۔ شہر منتقل کرتے ہوئے اپنے مکان جی ایم چھاؤنی چھتری ناکہ پہنچا تھا کہ ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے شیخ عارف اور شیخ سمیر کو گرفتار کرلیا اور ان کی کار سے 200 کیلوگرام گانجہ برآمد کرلیا۔ گرفتار افراد کو ضبط شدہ گانجہ کے ساتھ پولیس چھتری ناکہ کے حوالے کردیا۔ پولیس کو اشفاق اور سریکانت کی تلاش ہے۔