سڈنی30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلپ ہیوز کی موت کے بعد کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے فوری تحقیقات کرے گا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ ایک بیان میں کہا ہے کہ اعداد و شمار سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ صرف ایک اتفاقی حادثہ تھا۔ ہم فوری طور پر سازوسامان فراہم کرنے والی کمپنیوں اور حفاظت فراہم کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے اور ان میں مزید بہتری پیدا کرنے کے لیے مشاورت کریں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ یہ معاملہ مفادِ عامہ کا ہے اور یہ نہ صرف آسٹریلیا کے لیے بلکہ پوری دنیا کے کرکٹروں کی بہتری کے لئے ہے۔آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز منگل کو سڈنی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک میچ کے دوران سر پر شدید چوٹ لگنے کے دو روز بعد جمعرات کو چل بسے تھے۔دوسری جانب آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ کے مطابق فلپ ہیوز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں سرکاری سطح پر ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔کرکٹ آسٹریلیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی اس بات کا بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ آئندہ ہفتے سے ہندوستان کے خلاف برسبین میں کھیلا جانے والا پہلا کب شروع ہو گا یا پھر منسوخ کردیا جائے گا۔فل ہیوز نے 2009 تا 2013 کے درمیان 26 ٹسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے تین سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے 1,500 سے زیادہ رنز بنائے تھے۔ہیوز کی اچانک حادثاتی موت کے بعد کھلاڑیوں کے حفاظتی اقدامات کو بہتر بنانے میں باؤنسر پر پابندی کی بحث بھی کی جارہی ہے ۔