میدک۔/29 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست کے جونیر کالجس میں بحیثیت کنٹراکٹ لیکچررس خدمات انجام دینے والے لیکچررس کو گذشتہ 4 ماہ سے ان کی تنخواہوں کی اجرائی عمل میں نہیں آئی۔ کنٹراکٹ لیکچررس اسوسی ایشن تلنگانہ کے نائب صدر جناب محمد عبداللہ سہیل نے اپنے ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کا مہینہ قریب الختم ہے اور عیدالفطر کی آمد ہے ۔ یہ لیکچررس معاوضوں کی ادائیگی نہ ہونے سے مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے لیکچررس بھی باقاعدہ لیکچررس کے ساتھ خدمات انجام دیتے آرہے ہیں۔ لیکن حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔ مسٹر سہیل نے بتایا کہ ماہ فبروری تا اپریل اور ماہ مئی کا بھی اختتام ہوچکا ہے۔ لہذا انہوں نے فی الفور معاوضوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے لیکچررس کی خدمات کو بھی باقاعدہ بنانے پر زور دیا۔