کسانوں کے مسئلہ پر اپوزیشن کی اوچھی سیاست

سوریاپیٹ /30 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ویر برقی تلنگانہ و رکن ا سمبلی سوریا پیٹ جی جگدیش ریڈی نے کل مصروف ترین دورہ کیا ۔ انہو ںنے اپنے دورہ میں حیوانات کے ہسپتال اور بی سی ہاسٹل کا بھی افتتاح انجام دیا ۔ جگدیش ریڈی نے اس موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے مختلف فلاحی اور ترقیاتی اقدامات اور کارناموں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سال کے بعد کسانوں کو 9 گھنٹے مفت برقی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کسانوں کے مسئلہ پر اپوزیشن کانگریس و ٹی ڈی پی قائدین کے بیانات کو گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ اس مسئلہ پر اوچھی سیاست کر رہے ہیں ۔ انہوں نے تلگودیشم پر شدید تنقید کریت ہوئے کہا کہ تلگودیشم کے جو قائدین ، کسانوں کے ساتھ جھوٹی ہمدردی جتارہے ہیں انہیں اپنے گریبانوں میں جھانک کر دیکھنا چاہئے کہ کسانوں کی سب سے زیادہ اموات سربراہ تلگودیشم نائیڈو کے دور اقتدار میں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ تعمیری رول ادا کریں ۔ اس مسئلہ پر گندی سیاست نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے ہر بچہ کو تعلیم یافتہ بنانا چاہتی ہے ۔ اسی لئے اس سلسلہ میں بے شمار اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نیز کے جی تا پی جی مفت تعلیمی منصوبہ بندی جاری ہے ۔ اس کی تکمیل کے بعد حکومت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی اسکیمات و اقدامات سے عوام کو روشناس کرائیں ۔ اس موقع پر صدرنشین بلدیہ جی پی پرکاش ایم پی پی وٹے جنیا ، این سرینواس گوڑ ، وی وینکٹیشورلو پرکاش و دیگر موجود تھے ۔